کولکاتہ،11جنوری(آئی این ایس انڈیا) مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کے روزکہاہے کہ ملک غذائی بحران کی طرف گامزن ہے۔ ممتابنرجی نے کہاہے کہ دوسری سیاسی پارٹیوں کے ’بیکار‘ رہنماؤں کے شامل ہونے سے بی جے پی ’ردی‘ پارٹی بن رہی ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ ملک خوراک کے بحران کی طرف گامزن ہے۔ اگربی جے پی زرعی قوانین پر قائم ہے تو ہمارے ملک میں اناج کی قلت ہوگی۔کسان ہمارے ملک کامرکزہیں اورہمیں کچھ نہیں کرنا چاہیے جو ان کے مفادات کے منافی ہو۔ترنمول کانگریس کی صدر نے بھی تینوں زرعی قوانین کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ دہلی کی سرحدوں پر احتجاج کرنے والے کسانوں کا یہی مطالبہ ہے۔
انہوں نے نادیہ ضلع کے راناگھاٹ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ بی جے پی ملک کی سب سے بڑی ردی پارٹی ہے۔یہ ایک کوڑے دان جماعت ہے جو خود کو دوسری پارٹیوں کے کرپٹ اور بیکار رہنماؤں سے بھر رہی ہے۔ممتا بنرجی نے کہاہے کہ آپ نے کچھ (ترنمول) لیڈروں کو بی جے پی جاتے ہوئے دیکھا ہوگا۔ اس نے یہ لوٹا ہوا لوگوں کا پیسہ بچانے کے لیے کیا۔ بی جے پی پارٹی کو واشنگ مشین کی طرح چلاتی ہے ، جہاں کرپٹ رہنما شامل ہوتے ہی سنت بن جاتے ہیں۔
انہوں نے حال ہی میں امریکی پارلیمنٹ ہاؤس کیپیٹل ہل میں تشدد پرکہاہے کہ جس دن بی جے پی انتخابات ہارجائے گی ، اس کے کارکن اور حامی بھی اسی طرح کا سلوک کریں گے۔